زیر تربیت ڈاکٹروں کو وظیفے کی ادائیگیوں میں بے ضابطگیاں، محکمہ صحت بلوچستان کا خصوصی آڈٹ کرانے کا فیصلہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)محکمہ صحت بلوچستان نے پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز ڈاکٹرز کے وظیفے کی مد میں جاری ہونیوالے سرکاری فنڈ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی سیکریٹری محکمہ صحت عبداللہ خان کی ہدایت پر محکمہ صحت کی جانب سے تین اپریل کو ڈائریکٹر جنرل آڈٹ بلوچستان کو خصوصی آڈٹ کرانے کے لیے مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مختلف رپورٹوں اور اندرونی جائزوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز ڈاکٹرز کو وظیفے کی ادائیگی میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔خط میں لکھا گیا ہے کہ احتساب اور شفافیت پر بری طرح اثر انداز ہونیوالی ان بے ضابطگیوں نے مالیاتی بد انتظامی کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے اس لیے وظیفہ فنڈز کا خصوصی آڈٹ کیا جائے۔ مراسلے میں آڈیٹر جنرل کو کہا گیا ہے کہ پچھلے پانچ سالوں میں پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز کے لیے وظیفے کی منظوری اور تقسیم کے عمل کی جانچ کرکیبے ضابطگیوں، دھوکہ دہی، خامیوں یا کسی تضاد کی نشاندہی کرکے اس کے محکمہ پر مالی اثرات کا جائزہ لیا جائے۔ ساتھ ہی موجودہ طریقہ کار میں خامیوں کو اجاگر کرکے مستقبل میں مالی نظم و ضبط کے اندرونی عمل کو مضبوط بنانے او بے قاعدگیوں کو روکنے کے لیے سفارشات مرتب کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔