بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کےخلاف پیرا میڈیکس اورگرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کےخلاف پیرا میڈیکس اورگرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستا ن کے زیر اہتمام عبدالسلام زہری ، جمال شاہ کاکڑ، حاجی شفاءمینگل، لالا سلطان، رشید سمالانی کی قیادت میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف ہفتہ کو سول سنڈیمن ہسپتال سے ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی مظاہرین نے بینرز ، پلے کارڈ اٹھا رکھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بجائے ہسپتالوں کی نجکاری کررہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں کیونکہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی بجائے ہسپتالوں کو نجی کاری کے ذریعے ٹھیکیداری سسٹم کے تحت چلانا چاہتی ہے جس سے لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات میسر نہیں ہوں گی مظاہرین نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر تے ہوئے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کی نجکاری کرنے کی بجائے انکی صورتحال بہتر بنائی جائے تاکہ لوگوں کو مفت صحت کی سہولیات میسر آسکیں مقررین کا کہنا تھا کہ ہم ہسپتالوں کی نجکاری اس فیصلے اور اقدام کے خلاف ہیں اس لئے ہمیں یہ منظور نہیں حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے ہماری سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان سے بھی سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے حوالے سے ملاقات ہوئی ہے اور اس میں مختلف حوالوں سے بات چیت کی گئی ہے ہم نے اپنا موقف اور اپنے تحفظات سے انہیں آگاہ کیا ہے اور ہم اس اقدام کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے اس کے خلاف موثر تحریک چلائیں گے مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔