وزیراعظم شہباز شریف پہلے غیر ملکی دورے پر کل سعودی عرب روانہ ہوں گے
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کل 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، وہ رمضان المبارک کے آخری ایام 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں رہیں گے۔ وزیر اعظم کا انتخاب کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
دورہ سعودی عرب میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور دیگر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے، تمام شرکا اہم ملاقاتوں کے علاوہ عمرہ اور مسجد نبوی میں نماز بھی ادا کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان وزیر اعظم کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں۔ پاکستان کے عوام حرمین شریفین اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے انتہائی احترام رکھتے ہیں۔دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔