طیاروں کے اضافی اسپیئر پارٹس فروخت کیے جائیں گے، پی آئی اے
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) قومی ائیر لائن پی آئی اے کی انتظامیہ نے ائیرلائن کی نجکاری سے قبل بڑا فیصلہ کرلیا۔ پی آئی اے انتظامیہ کے فیصلے کے تحت کروڑوں روپے مالیت کے حامل مختلف کیٹیگریز کے طیاروں کے اضافی اسپیئر پارٹس فروخت کیے جائیں گے، طیاروں کے فروخت کیے جانے والے پرزوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ نے بوئنگ 737، بوئنگ 707، فوکر اور سیسنا طیاروں کے اضافی پرزوں کی فروخت کے لیے ٹینڈر جاری کردیا ہے، ان طیاروں کے اضافی پرزے کئی سالوں سے پی آئی اے کے اسٹور میں موجود ہیں۔پی آئی اے انتظامیہ نے جیسا ہے جہاں ہے کی بنیاد پر پرانے طیاروں کے پرزے فروخت کے لیے پیشکش طلب کرلی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق ٹینڈر میں حصہ لینے کے لیے درخواست 29 اپریل تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔