خیبر پختونخوا،پہلا سرکاری لیور،بون میرو ٹرانسپلانٹ اور نیورو سرجری انسٹی ٹیوٹ بنانے کا فیصلہ
پشاور(ڈیلی گرین گوادر)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سرکاری طور پر پہلا لیور ٹرانسپلانٹ، بون میرو ٹرانسپلانٹ اور نیورو سرجری انسٹی ٹیوٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس ہوا، جس میں لیور ٹرانسپلانٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جو سرکاری سطح پر صوبے میں پہلے لیور اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹرز ہوں گے۔ابتدائی طور پر لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر محدود پیمانے پر انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈزیزز پشاور میں قائم کیا جائے گا، جس کے بعد یہ سینٹر مستقل بنیادوں پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعمیر عمارت میں منتقل کردیا جائے گا۔
علاوہ ازیں صوبے میں پہلا انسٹیٹیوٹ آف نیورو سرجری بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو فاؤنٹین ہاؤس پشاور میں قائم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ان سینٹرز کے قیام کے لیے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے اور سینٹرز کے قیام کے لیے منصوبے کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے پیش کرنے کے احکامات دیئے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ منصوبوں میں ان سینٹرز کے قیام کے لیے درکار افرادی قوت، فنڈز اور طبی آلات کے ساتھ ساتھ ان کے انتظامی ڈھانچے کی تفصیل بھی فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن سرکاری اسپتالوں میں ڈائیلاسز کی سہولت دستیاب نہیں، وہاں پر ڈائیلاسز سروس شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔