وزیراعلٰی بلوچستان نے 2 ہزار ٹیچرز کی برطرفی کا حکم دے دیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلٰی بلوچستان نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دو ہزار غیر حاضر ٹیچرز کی برطرفی کا حکم دے دیا ہے۔نو منتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلٰی سطحی اجلاس ہوا تھا، جس میں یہ بڑا اقدام اٹھایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی بلوچستان نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت میں کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان ایک ماہ میں عادی غیر حاضر ٹیچرز کو برطرف کرکے رپورٹ پیش کریں۔محکمہ تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی ، میرٹ پر ضلعی تعلیمی افسران لگائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس کے باوجود اگر کوئی ٹیچر غیر حاضر پایا گیا تو سیکرٹری تعلیم کے خلاف کارروائی ہوگی۔بلوچستان میں فی بچے پر ماہانہ 5625 روپے خرچ کیا جاررہا ہے، فی بچے پر سالانہ 72 ہزار روپے کے لگ بھگ خرچ آتا ہے، اتنے اخراجات میں تو ہر بچہ ملک کے اعلٰی ترین نجی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔