ملک میں عدل و انصاف اور قانونی کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،علی امین گنڈاپور
پشاور(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کریں، ملک میں عدل و انصاف، مساوات، شفافیت اور قانونی کی حکمرانی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
23 مارچ کے موقع پر خصوصی پیغام میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کا قیام بلاشبہ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد ، انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج کے دن وطن عزیز کے قیام کیلئے اپنے اسلاف کی شبانہ روز جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
علی امین نے مزید کہا کہ عظیم دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم مملکت خدا داد کی بقا و سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے اسلاف نے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے پاکستان کا قیام ممکن بنایا۔