حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے،میرعبیداللہ گورگیج

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی چیف آف گورگیج میر عبیداللہ گورگیج اورڈپٹی کمشنرسعد بن اسد نے کہاہے کہ رمضان المبارک کے دوران ہمیں اپنے اردگرد غریب اور مستحق افرادکابھی خیال رکھناچاہئے،حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں غریب اور مستحق افرادمیں رمضان المبارک کے تحت اشیاء خوردونوش تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر ثناء اللہ جتک،مرکزی رہنما میر لعل محمد جتک ایگزیکٹو کمیٹی کے صوبدار جتک، اسپورٹس اینڈ ونگ بلوچستان کے صوبائی صدر شہزادہ کاکڑ،ولی وردگ،پیپلز یوتھ کے صوبائی نائب صدر امتیاز جتک،امین بنگلزئی،دوست ریکی،طارق بگٹی و دیگربھی موجود تھے۔رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا ہے کہ اسوقت مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام پریشان ہیں صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہوں اورانہیں حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں غریب اور مستحق افرادکی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے راشن تقسیم کیاجارہاہے جس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر سعدبن اسد نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستے بازاروں کا انعقادکیاجارہاہے جبکہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کارروائیاں کررہی ہیں اورکسی کوبھی رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مخیر حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ غریب اور مستحق افراد کا بھر پورخیال کراللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی میرعبیداللہ گورگیج اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعدبن اسدنے غریب اورمستحق افرادمیں راشن تقسیم کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے