کل ایک سیاسی جماعت نے شہدا کی قربانیوں پر تضحیک آمیز مہم چلائی،عطا تارڑ
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کل ایک سیاسی جماعت نے شہدا کی قربانیوں پر تضحیک آمیز مہم چلائی، سیاسی جماعت کی اس مہم کی مذمت کرتا ہوں، جو مہم چلا رہے ہیں ان کے اکاؤنٹس کے پیچھے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ہے۔لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز 7 شہادتیں ہوئیں۔
انھوں نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد بدر کی عمر23 سال تھی، وہ 5 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر واقعے پر بھی اس جماعت نے تضحیک آمیز مہم چلائی تھی، جو مہم چلا رہے ہیں ان کے اکاؤنٹس کے پیچھے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہ لوگ مہم چلاتے ہیں، یہ مہم چلانے والے ہم میں سے نہیں ملک دشمن ایجنڈے پر کار بند ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایک مزاحیہ اکاؤنٹ بنا کر آئی ایس پی آر اور شہدا کی تضحیک کی گئی، شہدا کی قربانیوں کو لے کر توہین کی جارہی ہے یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔عطا تارڑ نے کہا کہ بارڈر پار سے پاکستان مخالف لابی نے بھی مہم میں حصہ ڈالا ہے، قومی یکجہتی اور سلامتی کیلئے ہمیں اکھٹے ہونا ہوگا۔
معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل فوری حل کے متقاضی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، حکومتی اخراجات کم کرنا اولین ترجیح ہے، جو ادارے خسارے میں ہیں ان کی نجکاری کے معاملات چل رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کی تنظیم نو، ٹیکس اصلاحات پر کام کررہے ہیں، اشرافیہ پر ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے گا، ایسا کوئی دن نہیں جب وزیراعظم معیشت پر میٹنگ نہ کریں، بلوم برگ میں وزیرخزانہ کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔