وزیراعظم سے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ طالبعلم اکرام اللہ کی ملاقات
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف سے قلعہ سیف اللہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ طالب علم اکرام اللہ نے ملاقات کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اکرام اللہ کا وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سال 2022 کے سیلاب میں میرے قلعہ سیف اللہ کے دورے میں اکرام اللہ امدادی خیمے میں ملا تھا، اکرام اللہ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا، اکرام اللہ نے حصول تعلیم کے مواقع کی عدم موجودگی پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا، اکرام اللہ نے تب اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہے کہ اکرام اللہ ایک پر اعتماد، پر جوش، فرمانبردار اور سلجھا ہوا طالب علم بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے اکرام اللہ کو قلم اور نصابی سرگرمیوں میں مدد کیلئے اپنی ذاتی حیثیت میں ٹیبلٹ کا تحفہ دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیم کے حصول میں اکرام اللہ کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ملاقات میں اکرام اللہ نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا، اکرام اللہ نے وزیرِ اعظم کے اس اقدام کو اس کی زندگی بدلنے کا وسیلہ قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کے طور پر ہونہار طلباء کو میرٹ پر سکالرشپ پر بیرون ملک بھیجنے کی سکیم شروع کی تھی، اب اسی طرز پر وفاقی سطح پر طلباء کیلئے سکالر شپ کا منصوبہ لائیں گے، تعلیم ہی ہمارے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
آخر میں اکرام اللہ نے وزیراعظم کو کتب کا تحفہ پیش کیا، وزیراعظم نے اکرام اللہ کو وزیراعظم ہاؤس سے خود الوداع کہہ کر رخصت کیا، اکرام اللہ لارنس کالج مری میں نویں جماعت کا طالب علم ہے، ملاقات میں لارنس کالج کے پرنسپل اور ہاؤس ماسٹر بھی موجود تھے۔