مریم نواز کی مداخلت پر پی ٹی آئی کی ملیکہ بخاری کو باہر جانے کی اجازت
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بروقت مداخلت سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کو بہن کی عیادت کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔پی ٹی آئی کی سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کو بہن کی عیادت کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔
ملیکہ بخاری نے سوشل میڈیا پر اپنی بڑی بہن کی بیماری کے حوالے سے بیرون ملک جانے کی اپیل کی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کے پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملیکہ بخاری کو باہر بھجوانے کے لیے متعلقہ حکام سے بات کریں گی۔
ملیکہ بخاری نے ہفتے کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنی بیمار بڑی بہن سے ملنے آسٹریلیا جانا ہے تاہم گزشتہ ایک سال سے ان کا نام نو فلائی لسٹ میں ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا تھا کہ ان کی بڑی بہن وینٹیلیٹر پر ہیں اور وہ زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں اور ان کے پاس صرف 24 گھنٹے کا وقت ہے۔
مریم نواز نے ان کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ متعلقہ حکام سے بات کریں گی اور امید ہے کہ آپ نے اس سلسلے میں درخواست دی ہوگی۔بعدازاں ملیکہ بخاری نے بیرون ملک جانے کی اجازت کے لیے مدد کرنے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ملیکہ بخاری نے پوسٹ میں کہا کہ ’’آپ کی بروقت مداخلت کا شکریہ، مجھے اطلاع دی گئی ہے کہ میرا نام نو فلائی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ مئی کے واقعات کے بعد حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے دیگر کارکنان سمیت ملیکہ بخاری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ملیکہ بخاری نے 25 مئی کو اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ سابق رکن قومی اسمبلی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کیا تھا۔