سینیٹ الیکشن،بلوچستان سے امیدواروں کی ابتدائی فہرست آج جاری کی جائیگی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینیٹ میں بلوچستان کی 11 نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست آج جاری کی جائے گی۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ تک ہوگی اور 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ایپلیٹ ٹریبونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے جس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت 26 مارچ کو ہوگی۔ امیدواروں کی جانب سے دستبردار ہونے کی آخری تاریخ 27 مارچ ہے۔
سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ 2 اپریل کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔واضح رہے کہ سینیٹ کی 11 خالی نشستوں میں سات جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں شامل ہیں۔ بلوچستان سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے 36 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ن لیگ کے اورنگزیب کھیتران، راحت جمالی، آغا شاہ زیب درانی، سید الحسن مندوخیل، راحیلہ حمید درانی اور دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ پیپلز پارٹی کے چنگیز جمالی، حسنہ بانو، عمر گورگیج، بلال مندوخیل، طارق مسوری بگٹی کے کاغذات جمع کرائے گئے۔پیپلز پارٹی اور نیشنل پارٹی کے مشترکہ امیدوار جان محمد بلیدی جبکہ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مشترکہ امیدوار ایمل ولی خان کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے گئے۔
جے یوآئی کے احمد خان خلجی، مولانا عبدالواسع، بی بی کلثوم، امان اللہ کنرانی اور قاری رحمت اللہ کے کاغذات جمع کرائے گئے۔آزاد امیدوار ڈاکٹر حسین اسلام، اعجاز احمد اور ثنا جمالی کے کاغذات بھی جمع کرائے گئے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے انوارالحق کاکڑ، کہدہ بابر، مبین خلجی و دیگر کے کاغذات جمع کرائے گئے۔ جماعت اسلامی کے زاہد اختر بلوچ، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور مولانا عبدالحق ہاشمی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔