سعودی ولی عہد کا وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہبازشریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے مبارکباد پیش کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور خادم حرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی قیادت اورعوام کو رمضان المبارک کی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ دعا ہے کہ ماہ مقدس کی بدولت تمام دنیا کے مسلمانوں کیلئے امن و خوشحالی ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خادم حرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کا احترام کرتے ہیں، پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کی۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کی پاکستان کیلئے غیر متزلزل حمایت اور مدد پر شکریہ ادا کیا اور سعودی ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی ولی عہد کے گرم جوشی سے استقبال کے منتظر ہیں۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔