سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری،ایم کیو ایم، جماعت اسلامی کا بائیکاٹ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پرضمنی انتخاباتکے تحت پولنگ جاری ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 جنرل نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں۔ ووٹنگ کا عمل قومی اسمبلی، سندھ اوربلوچستان اسمبلی میں جاری ہے جہاں تینوں ایوان کے ارکان حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

تاہم ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ ان کے اراکین اسمبلی ووٹ نہیں دے رہے۔آج نیوز کے محمد رضا کے مطابق صبح گیارہ بجے تک سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کا کوئی رکن اسمبلی نہیں پہنچا تھا۔

البتہ جے یو آئی جس نے صدر اور وزیراعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈال رہی ہے۔سینیٹ کی یہ نشستیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

وفاق کی نشست پر اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ریٹرننگ آفسر ہیں۔سینیٹ کی اسلام آباد کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کیامیدوار سید یوسف رضا گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان کے درمیان مقابلہ ہے۔

سندھ میں سینیٹ کی دو نشستیں پیپلزپارٹی کے مہتاب ڈہر اور نثار کھوڑو کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئیں۔
سندھ اسمبلی کو سینیٹ کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے، پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے 4 امیدوار میدان میں ہیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں۔بلوچستان سے سینیٹ کی3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے 9 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے