رمضان المبارک کا مہینہ خود احتسابی ، پابند زندگی گزارنے اور قربانی کا درس دیتا ہے،ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر قوم کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مرتبہ پھر اس ماہ مبارک کے فیوض و برکات سمیٹنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔رمضان المبارک کا مہینہ خود احتسابی ، پابند زندگی گزارنے اور قربانی کا درس دیتا ہے ۔یہ ہمارے لئے انفرادی اور اجتماعی نقطہ نظر سے احتساب کا مہینہ بھی ہے۔ یہ ماہ مبارک اپنی خواہشات اور اپنے نفس پر قابو پانے کی تربیت دیتا ہے۔صفائے قلب کے لئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے کے لئے یہ ماہ کریم انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔روزے کا اصل مقصد تقویٰ کا حصول ،تذکیہ نفس اور انسان کو اپنی خالق حقیقی کے حکم کے تابع کرنا ہے۔انہوں نے رمضان المبارک میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں رمضان کی آمد پر غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینیوں پر پابندیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ مسجد اقصی میں عبادت کرنا فلسطینیوں کا جائز حق ہے۔اسرائیل غزہ کے عوام کی مزاحمت اور عزم کو بموں کے ذریعے توڑ نہیں سکتا انہیں ہتھیار ڈالنے کے لیے مجبور کرنے کے لیے بھوکا مار رہا ہے، لیکن فلسطینیوں کا صبر، عزم و حوصلہ انہیں اپنے مقصد سے پیچھے ہٹنے نہیں دے گا۔رمضان کے مقدس مہینے میں غزہ کی زیادہ سے زیادہ حمایت اور مدد کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں اپنے طرز عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمارے دین نے رہنمائی دی ہے ۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسی اعلیٰ اوصاف پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور ان اخلاقی اقدار کو ہماری زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کرتاہے لہذاہمیں اس ماہ مبارک کا خصوصی اہتمام و احترام کرنا چاہیئے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی نیکیوں کے حصول کے لئے استقبال رمضان کی تیاری کریں ۔قرآن کریم سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں،زیادہ سے زیادہ انفاق کریں اور پھر دوران رمضان خیر اور بھلائیاں سمیٹیں اور اپنے اندر ایک نیا انسان دریافت کریں.انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی تعلیمات پر پابندی سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس ماہ مبارک کی برکت سے وطن عزیز اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے#

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے