حسن اور حسین نواز شریف کی آج پاکستان آمد متوقع

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا موقع دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری گذشتہ ہفتے معطل کیے تھے اور سماعت 14 مارچ تک ملتوی کی تھی۔پاکستان پہنچنے کے بعد نواز شریف کے صاحبزادے 14 مارچ 2024 تک عدالت کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ شدہ فیصلہ سات مارچ 2024 کو سنایا تھا۔

حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن اور رانا عرفان ایڈوکیٹ عدالت پیش ہوئے تھے جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر، پراسیکیوٹر سہیل عارف عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔ملزمان کے وکیل قاضی مصباح الحسن ایڈوکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ریفرنس میں ہائی کورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہوچکے ہیں، 12 مارچ کو حسن اور حسین نواز پاکستان آ کر عدالت پیش ہو جائیں گے۔‘

نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے عدالت سے کہا تھا کہ ’دو وارنٹ گرفتاری بھی پہلے سے معطل کر دیے گئے ہیں، قانون کہتا ہے ملزمان عدالت پیش ہوں تو ہی وارنٹ گرفتاری معطل ہوتے ہیں، پیشی کے بغیر وارنٹ گرفتاری معطل نہیں ہوسکتے۔ وارنٹ کا مطلب ہی ملزم کو عدالت لانا ہے، اس لیے ملزمان خود آکر عدالت میں سرنڈر کر سکتے ہیں، خود عدالت میں پیش ہوں، ملزمان کو عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔‘

حسین نواز اور حسن نواز نے نیب ریفرنسز ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔
احتساب عدالت نے سات سال قبل عدم پیشی پر دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے چھ جولائی 2018 کو دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔سپریم کورٹ میں پانامہ فیصلے کے نتیجے میں بننے والے ریفرنسز میں نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کے ساتھ حسن نواز اور حسین نواز بھی شریک ملزمان تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے