راولپنڈی، آن لائن جنسی ہراسانی میں ملوث ملزم گرفتار
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) ایف آئی اے سائبر کرائم نے آن لائن جنسی ہراسانی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے متاثرہ خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور وڈیوز برآمد کرلیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم فیصل حبیب کو عارف والا سے گرفتار کیا گیا جو خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور وڈیوز وائرل کرنے میں ملوث تھا۔ملزم نے واٹس ایپ کے ذریعے متاثرہ کی قابل اعتراض تصاویر شئیر کیں، اس نے متاثرہ خاتون کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا رکھے تھے۔
ملزم نے جعلی سمز کا استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ اکاؤنٹ بنائے ہوئے تھے اوروہ متاثرہ خاتون کو قابل اعتراض مواد کی آڑ میں دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔اس کے علاوہ ملزم فیصل حبیب نے متعدد ای میل اکاؤنٹ بھی بنائے ہوئے تھے جن پر اس نے خواتین کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز رکھی ہوئی تھیں۔ملزم کے قبضے سے 3 عدد موبائل فون، یو ایس بی، مائیکرو کارڈ اور 12 سمز برآمد کی گئیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔