محکمہ حیوانات کا شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ڈپٹی کمشنر سبی
سبی(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدائے رحیم نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائے جانے والے بھاگ ناڑی نسل کے جانور زمانہ قدیم سے اس خطے میں پالے جا رہے ہیں اور انکی تاریخ قریباً نو ہزار سال پر محیط ہے اس نسل کے جانوروں کی بریڈ کو سنبھالنے پر ضلع سبی ، کچھی کے مالدار اور محکمہ امور حیوانات خراج تحسین کے مستحق ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ سبی میلہ مویشیاں واسپاں 2024 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ریسرچ ڈاکٹر شہزاد احمد ، پرنسپل اینیمل ہیلتھ انسٹیٹوٹ ڈاکٹر جمیل احمد ، ایس ایس پی سبی عنایت اللہ بنگلزئی ، چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک ، ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک افیسر ڈاکٹر فاروق لونی ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سبی عنایت الرحمن سمیت دیگر افسران و مالداروں نے شرکت کی ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ مجھے اس بات کا دلی طور پر دکھ ہے کہ اس مرتبہ سالانہ سبی میلہ کچھ ناگزیر وجوہات کے پیش نظر محدود پیمانے پر منایا گیا انہوں نے کہا کہ محکمہ حیوانات کا شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے موجودہ حکومت اس شعبے کو ترقی دینے اور جانوروں کے علاج معالجے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ نہ صرف مالداروں کے تمام مطالبات کمشنر سبی کے ذریعے سیکرٹری لائیو سٹاک تک پہنچائے جائیں گے بلکہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ امور حیوانات اور مالداروں کی سپورٹ جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس جو وسائل دستیاب ہیں وہ بہتر انداز سے بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا تعاون اسی طرح شامل حال رہا تو آنے والے چیلنجوں سے با آسانی نبرد آزما ہو سکتے ہیں تقریب سے ڈی جی ہیلتھ لائیو سٹاک، ڈسٹرکٹ حیوانات افیسر فاروق لونی،چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک نے اور مالداروں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔ مالداروں کے نمائندوں کی جانب سے سبی میلہ کی منسوخی کے باوجود مویشی پال حضرات کی معاشی سرگرمیوں کے لئے خصوصی طور پر پانچ ایام تک انتظامی سہولت پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سر فراز بگٹی اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور شکریہ ادا کیا تقریب کے اخر میں مہمان خصوصی نے مال داروں میں نقد انعامات اور بہترین کارکردگی پر افسران میں سوینئر اور شیلڈز تقسیم کیے۔