اسمبلیاں مکمل نہیں اس لیے صدارتی الیکشن ملتوی کر کے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے،محمود خان اچکزئی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ یہ اسمبلی نہیں چل سکتی، پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے، پارلیمانی کمیٹی راستہ نکال سکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اسمبلیاں مکمل نہیں اس لیے صدارتی الیکشن ملتوی کر کے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے، پارلیمنٹ کے سینئر ترین رضا ربانی، مشاہد حسین جیسے لوگوں کی کمیٹی بنائی جائے، کمیٹی 7 دن کے اندر تمام مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ خدارا ملک پر رحم کریں، پارلیمانی کمیٹی اتفاق رائے سے بہت معاملات حل کر سکتی ہے، ہمارے کپڑے کیوں دوسرے لوگ دھوئیں، ہم بیٹھ کر تمام معاملات کا حل نکال سکتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کو بھی خط لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدارا مسائل مت بڑھائیں، پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، سینئر رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی ہونی چاہئے جو مسائل کا حل نکالے۔صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی جو ممبران قید ہیں ان کے کیسز کا بھی حل نکالے۔