پاکستان کی بیٹیاں گوادر میں سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف

گوادر(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان کی بیٹیاں گوادرمیں سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں،ضلع گوادر کےسیلاب زدہ علاقوں میں پاک آرمی کی جانب سےموبائل میڈیکل ٹیمیں اور میڈیکل کیمپس لگائے گئے۔

پاک فوج کی میڈیکل ٹیم سیلاب زدہ لوگوں کے علاج معالجہ میں مصروف عمل ہیں،میڈیکل کیمپ میں اب تک ہزاروں لوگوں کو طبی امداد کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جاچکی ہیں۔اس موقع پر پاک آرمی کے افسران کی ڈاکٹر بیگمات بھی گوادر ضلع کے مختلف علاقوں میں مصیبت زدہ بھائیوں بہنوں کے علاج معالجہ میں رضاکارانہ طور پر مصروف ہیں۔

جن میں ڈاکٹرزینب اورڈاکٹر افشاں بھی شامل ہیں،ڈاکٹر زینب پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے لیفٹیننٹ کرنل کی اور ڈاکٹر افشاں میجر کی زوجہ ہیں انسانی جذبے سےسرشارڈاکٹر افشاں اور زینب سیلاب متاثرین کی اس مشکل گھڑی میں خدمت کررہی ہیں اور 1500 سے زیادہ مریضوں کا علاج کر چکی ہیں ۔

ڈاکٹر زینب کا کہنا ہےکہ”گوادر کے لوگ ہمارے اپنے لوگ ہیں، انہیں ہماری ضرورت تھی اور یہ میرا فرض تھا”۔”بارشوں کے بعد مختلف بیماریوں کے خدشات کے پیش نظر پاک آرمی کی میڈیکل ٹیمیں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں”

پچھلے پانچ دن سے ضلع گوادر میں ڈاکٹر افشاں بزرگ، خواتین اور بچوں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں ،ڈاکٹر افشاں کا کہنا ہے کہ "گوادر کے لوگوں کو مصیبت کی گھڑی میں انکی ضرورت ہے”پاکستان کو ڈاکٹر زینب اور ڈاکٹر افشاں جیسی بیٹیوں پر فخر ہے،ڈاکٹر افشاں اور زینب اپنے مصیبت زدہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے