منافقت کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوسکتی، ہمارا ووٹ محمود خان اچکزئی کا ہوگا،سردار اختر مینگل
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کس کو ووٹ دیں گے؟ انہوں نے آج نیور کے پروگرام “اسپاٹ لائٹ میں بتا دیا، اختر مینگل نے کہا کہ صدارتی انتخاب کیلئے پیپلز پارٹی کے سامنے شرائط رکھیں، دو دن تک انتظار کیا، پیپلز پارٹی کا جواب نہیں آیا، اب ہم کسی بھی وفاقی جماعت کو نہیں بلکہ محمود اچکزئی کو ووٹ دیں گے۔اختر مینگل نے کہا کہ منافقت کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوسکتی، ہمیں حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جس کی جو سیٹ ہے وہ اس کو ملنی چاہئے، ملک میں سیاستدان نہیں بزنس مین موجود ہیں۔
الیکشن کے نتائج پر ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج فارم 45 پر کچھ اور فارم 47 پر کچھ آئے ہیں، پہلے تجربات ناکام ہوئے دوبارہ تجربات کے نتائج تباہ کن ہوں گے، مرکزی جماعتوں سے ہمارا اعتماد اٹھ گیا ہے، اپوزیشن میں ہوں تومظلوم اور اقتدارمیں ہوں توسب بھلا دیتے ہیں۔اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں بہت نشیب وفراز دیکھے ہیں، بلوچستان کی سیاست اب نوجوانوں کے ہاتھ میں آگئی ہے، عام معافی کے بجائے اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانا چاہیئے۔