پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کی فضا کو بہتر سے بہتر بنایا جائے،عبدالخالق شیخ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ پولیس سروس میں محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کا مثبت امیج بہتر کارکردگی سے مشروط ہے، افسران زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں اور عوام کی خدمت و حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔ آئی جی بلوچستان نے کہاکہ ماتحت سٹاف سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لینا افسران کی ذمہ داری ہے اس لئے فیلڈ افسران دستیاب وسائل کے موثرا ستعمال سے پبلک سروس ڈلیوری کے عمل کو شہریوں کیلئے مزید آسان بنائیں۔ آئی جی پولیس نے کہاکہ جرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ شہریوں کو پولیسنگ سے متعلق سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کی فضا کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی اور انسپکٹر کے عہدے پر پروموٹ ہونے والے افسران کو بیجز لگانے کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروموٹ ہونے والے افسران میں غلام سرور، داد شاہ، اور راشد خان و دیگر افسران شامل ہیں جنہیں آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ اور ایڈیشنل آئی جی جواد احمد ڈوگر ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر قمرالحسن نے ڈی ایس پی اور انسپکٹر عہدوں کے رینک لگائے۔ آئی جی بلوچستان نے پروموٹ ہونے والے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے انکے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔عبدالخالق شیخ نے افسران کو پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض ادا کرنے کی ہدایت کی۔ پروموٹ ہونے والے افسران نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ وہ آئی جی بلوچستان کی پالیسی کے مطابق عوامی خدمت اور تحفظ کے فرائض کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق پولیس سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اے ٹی ایف مینر مسعود، ڈپٹی کمانڈنٹ بی سی سرفراز احمد فلکی ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ عبدالغفور قیصرانی ،ڈی آئی جی ٹیلی علی شیر جھکرانی ،اے آئی جی فہد خان کھوسہ ،اے آئی جی محمد بلوچ، اے آئی جی احمد سلطان ،اے آئی جی عاطف سلیم ، و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔