سیاسی استحکام ہوگا تو حکومت یکسوئی سے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کر سکے گی،سینیٹر محمد عبدالقادر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ چین، ایران، امریکہ سمیت متعدد ممالک نے نئی حکومت کے سربراہ شہباز شریف کو تہنیتی پیغامات ارسال کئے ہیں عالمی مالیاتی ادارے نے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی ہینئی حکومت کو آغاز سے ہی بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وزیراعظم نے اپنا اولین دورہ بلوچستان کے آفت زدہ شہر گوادر کا کر کے بہترین شروعات کردی ہیں بلوچستان پر انتہائی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہا کہ ماضی میں حکمران بلوچستان کے مسائل کو فراموش کرتے رہے ہیں بلوچستان کی عوام کے مسائل کا حل کبھی بھی کسی حکمران کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا یہی وجہ ہے کہ بلوچستان بطور صوبہ اور اسکی محروم عوام کبھی ترقی نہیں کر سکے گوادر کو سی پیک منصوبے کی وجہ سے بین الاقوامی اہمیت حاصل ہے یہاں کی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت کو بڑے پیکجز کا فوری اعلان کرنا ہوگا تاکہ یہاں کی عوام کا معیار زندگی بلند کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کے انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی حکومت کی منتظر تھی اب حکومتی معاملات مستعدی سے آگے بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے اگر مسائل کے حل تلاش کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کیا تو عوام مزید دلدل میں پھنس جائے گی حکومت کو معاشی دباؤ سے نکلنے کے لئے فوری طور پر خود انحصاری کی پالیسی اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگااور اس مقصد کیلئے بلوچستان کے وسائل پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں لیکن چونکہ بلوچستان کے وسائل پر سب سے پہلا حق بلوچستان کی عوام کا ہے اس لئے اسکے وسائل انکے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیے جائیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ملکی اقتصادی مسائل کا حل سیاسی استحکام سے وابستہ ہے سیاسی استحکام ہوگا تو حکومت یکسوئی سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کر سکے گی اپوزیشن کا حکومت کو درست سمت پر گامزن کرنے میں انتہائی اہم کردار ہوتا ہے اگر اپوزیشن کی جماعتیں تمام ایشوز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپوزیشن کا کردار ادا کریں گی تو یقیناً ایک قومی خدمت کریں گی ورنہ محض ہلڑ بازی سے ملک اور قوم کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔