پی ٹی آئی بلوچستان کی نئی کابینہ کپتان اورکارکنوں کے ہر فیصلے پر لبیک کہے گی،داؤد شاہ کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر داؤد شاہ کاکڑنے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرکے یہ ثابت کردیاہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی وہ واحدجماعت ہے جو جمہوریت پریقین رکھتی ہے،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اوردیگرقائدین کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر فوری طور پرختم کی جائیں پی ٹی آئی بلوچستان کی نئی کابینہ کپتان اورکارکنوں کے ہر فیصلے پر لبیک کہے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند،،نوابزادہ امین جوگیزئی،فیصل دہوار،عالم خان کاکڑسید صادق آغا، داودخان اوتمانخیل،صدیق خان اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔داود شاہ کاکڑنے کہاکہ گزشتہ روز کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات چیئرمین الیکشن کمیٹی داوڈ خان اوتمانخیل کی نگرانی میں منعقد ہوئے جس میں 3پینلز نے حصہ لیا پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے جمہوری طریقے اپنے ووٹ کے ذریعے پارٹی کے صوبائی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایاجس پر پارٹی کے کارکنوں کاشکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کاانعقادکرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف موروثیت پریقین نہیں رکھتی پارٹی کارکنوں نے نوجوان عہدیداروں کاانتخاب کرکے پارٹی قائد کے وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی۔ داود شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی نئی کابینہ کی یہ کوشش ہوگی کہ پاکستان تحریک انصاف کو بلوچستان کے 34اضلاع میں مکمل طورپر فعال اور منظم کیاجائے۔انہوں نے عام انتخابات کو ہوئے ایک ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے لیکن تاحال انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو فارم 45جاری نہیں کیاگیا بلوچستان سمیت دیگر صوبوں میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی کامیابی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ناکامی میں بدلا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اوردیگر قائدین پر ظلم کی انتہاء کردیاہے ہم انہیں کہناچاہتے ہیں انہوں نے جتناظلم کرنا تھاکرلیالیکن کپتان کو جھکا نہیں سکے ہیں اب بس کردیں عمران خان اوردیگر پی ٹی آئی کے قائدین کو فوری طور پر رہااور جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں۔ انہوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین و صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پرچھاپے اورچادروچاردیواری کے تقدس کی پامالی کی مذمت کی۔ نوابزادہ امین جوگیزئی،ملک فیصل دہوار، عالم کاکڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدرداؤد شاہ کاکڑاوردیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور قائدین نئی کابینہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورپارٹی کی فعالیت میں اپناکرداراداکریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے