حلقہ پی بی 44کے عوام نے مجھ پر جس اعتماد کااظہارکیاہے اس پر انشاء اللہ پورا اتریں گے،میر عبیداللہ گورگیج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا ہے کہ سریاب کے عوام آج اکیسویں صدی میں بجلی،پانی،گیس،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں انشاء اللہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائیں گے،پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے حلقہ پی بی 44کے عوام کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وفد نے رکن صوبائی اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج کو کامیابی اور رکنیت کا حلف اٹھانے پر مبارکبادپیش کی اور رکن اسمبلی کو حلقے کے مسائل سے تفصیلی طورپرآگاہ کیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی میرعبیداللہ گورگیج نے کہاکہ حلقے کے مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہوں ماضی میں حلقے سے کامیاب ہونے والے قوم پرست جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے عوام کی خدمت کی بجائے صرف اور صرف اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیااورعوام کی کوئی خدمت نہیں کی عوام نے ووٹ کے زریعے قوم پرستوں کو مستردکردیا۔انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام آج بھی تعلیم،صحت، پینے کے صاف پانی، بجلی،گیس اوردیگرسہولیات سے محروم ہیں میری یہ کوشش ہوگی کہ حلقے کے عوام کے دیرینہ اور فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ حلقہ پی بی 44کے عوام نے مجھ پر جس اعتماد کااظہارکیاہے اس پر انشاء اللہ پورا اتریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے میرسرفراز بگٹی کو وزارت اعلیٰ بلوچستان کیلئے نامزدکردیاہے امیدہے کہ وہ وزارت اعلیٰ کاحلف اٹھانے کے فوری بعدصوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اورعوام میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں گے۔