یوسف رضا گیلانی،عبدالغفور حیدری اور نزہت صادق سینیٹ کی نشست سے مستعفی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے مولانا عبدالغفور حیدری اور مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر نزہت صادق نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا جبکہ تینوں اراکین نے رکن قومی اسمبلی کا حلف بھی اٹھا لیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی نشست سے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کردیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کا استعفی منظور کرلیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور ان کی سینیٹ نشست کی مدت ختم ہونے میں تین سال باقی تھے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی سینیٹر نزہت صادق نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔سینیٹر نزہت صادق نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کیا جسے انہوں نے منظور کر لیا، نزہت صادق نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

ادھر جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری بھی سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہو گئے۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی اپنا استعفیٰ چیئرمین صادق سنجرانی کو پیش کیا جسے انہوں نے منظور کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔اس کے بعد مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

یاد رہے کہ اب تک 9 سینیٹرز سینیٹ کی نشست سے مستعفیٰ ہوچکے ہیں، 8 سینیٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں حالیہ انتخابات میں کامیاب ہوئے۔اس کے علاوہ پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو 9 خالی نشستوں پر فوری انتخابات کے لیے خط لکھ دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے