عوام نے انتخابات میں ووٹ کے ذریعے قوم پرستوں کو مسترد کردیا، سردارزداہ عبدالصمد گورگیج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و نومنتخب رکن اسمبلی سردارزادہ عبدالصمد گورگیج نے کہا ہے کہ عوام نے 8فروری کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ کے ذریعے قوم پرستوں کو مسترد کردیا،عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس اعتماد کا اظہارکیاہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور عوام کے حقوق کیلئے اسمبلی کے فلورپر بھر پور آواز بلند کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے پہلے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سردارزادہ عبدالصمد گورگیج نے کہا کہ عوام نے 8فروری کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ دیکر ہمیں کامیابی دلائی ہے انشاء اللہ عوام کومایوس نہیں کریں گے،قوم پرستوں نے گزشتہ پانچ سال کے دوران عوام کی کوئی خدمت نہیں کی عوام نے انہیں انتخابات میں مسترد کردیا قوم پرست جماعتیں احتجاج کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتیں ہمیشہ اسمبلی میں رہیں لیکن انہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جس سے عوام میں مایوسی پھیلی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے انشاء اللہ اب بھی پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔انہوں نے کہاکہ آج اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے آئے ہیں انشاء اللہ عوام کی خدمت پر بھرپور توجہ دیں گے۔