صوبے میں امن وامان کا قیام اور نوجوانوں کوروزگارکی فراہمی پہلی ترجیح ہے، زرک خان مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما و نومنتخب رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کا قیام اور نوجوانوں کوروزگارکی فراہمی پہلی ترجیح ہے عوام نے جس اعتمادکا اظہار کیا ہے اس پرپورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔زرک خان مندوخیل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اسمبلی جانے کا پہلا موقع دیا میر ی یہ بھر پور کوشش ہوگی کہ عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے عوام بہت سے مسائل سے دوچار ہیں انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی اورعوام کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں عوام نے مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیابی سے ہمکنارکیا اب ہماری یہ کوشش ہوگی کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں انکے اعتمادکو ٹھیس نہ پہنچائیں۔