صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے،نگران وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے گوادر اور تربت میں تیز آندھی اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ نگران وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر گوادر،ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے شروع کی جائیں، متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس مقصد کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ نگران وزیر داخلہ نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور ان حادثات کے زخمیوں کو فوری امداد کی فراہمی کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ محمد زبیر جمالی نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کو ریلیف اور امداد کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اْٹھائے جائیں گے۔