پولیو جیسی موذی بیماری کا وائرس ہمارے بچوں کو زندگی بھر کیلئے معذور بنا سکتا ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم 2024 کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسی موذی بیماری کا وائرس ہمارے بچوں کو زندگی بھر کیلئے معذور بنا سکتا ہے لہٰذا بچوں کے خوشحال اور صحتمند مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں. واضح رہے کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے بلوچستان بھر میں سات روزہ انسدادِ پولیو مہم 2024 فروری 26 بروز سموار سے شروع ہوکر 2 مارچ تک جاری رہیگی. اس پولیو مہم کے دوران 26 لاکھ 55 ہزار سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے. اس پولیو مہم میں تقریباً 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی. انسدادِ پولیو مہم 2024 کے آغاز کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر غلام فاروق، ای سی او سید زاہد شاہ، یونیسف او آئی سی کے سی ایف او ڈاکٹر محمد ہمایوں امیری، این – سٹاپ صوبائی سربراہ ڈاکٹر آفتاب کاکڑ اور ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر جہانزیب کاکڑ بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ عمربھر کیلئے معذور کرنے والی بیماری کے خاتمے تک بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے والوں کی حفاظت کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ صحت پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کی حفاظت سمیت دیگر پہلوؤں کو بھی سامنے رکھیں تاکہ کسی بھی علاقے میں کوئی بھی بچہ پولیو قطرے سے محروم نہ رہے. بلوچستان کے تمام اضلاع میں 26 فروری سے 2 مارچ تک صوبے بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کے علاوہ بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائیگی.