پیپلز پارٹی میں آئینی عہدوں کیلئے مشاورت ، سرفرازبگٹی، گیلانی، مرادعلی شاہ کو گرین سگنل
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی قیادت نے آئینی عہدوں پرنامزدگی کیلئے مشاورت شروع کردی. چیئرمین سینٹ کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کا نام سرفہرست ہے۔ن لیگ کے ساتھ حکومت سازی پر حتمی مشاورت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے آئینی عہدوں پرنامزدگی کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی عہدوں کیلئے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کا نام سرفہرست ہے تاہم بعض حلقوں کے مطابق موجودہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا نام بھی زیرغور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنرپنجاب کا عہدہ وسطی پنجاب کے کسی سینئرپارٹی رہنما کونامزد کیا جائےگا۔ اس حوالے سے پارٹی حلقوں میں چوہدری منظور ، قمر زماں کائرہ اورندیم افضل چن کے نام زیرغور ہیں۔
سندھ کی وزارت اعلی کیلئے مراد علی شاہ کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ کابینہ کے زیادہ ترارکان نئی کا بینہ میں بھی شامل ہوں گئ۔خیبر پختونخواہ سے گورنر شپ کیلئے مخلتف نام زیرغورہیں جن میں اخوند زادہ چٹان، ارباب عالمگیر ، فیصل کریم کنڈی کا نام بھی شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان کی وزارت اعلی کیلئے سرفرازبگتی کوگرین سگنل دے دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان کی حکومت مخلوط ہوگی، صوبائی کابینہ میں مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے ارکان مساوی تعداد میں شامل ہوں گے۔