ہمیں قرآن ہی سے تمام تررہنمائی لینی چاہیے تاکہ ہم قدرت کے مشاہیر کی حقیقت جان سکیں، محمد عبدالقادر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اس الہامی اور آفاقی کتاب میں کائنات کی تخلیق اسکی وسعتوں اور تسخیر کے معاملات سے لیکر انسانی حیات کے تمام پہلوؤں اور اسرار و رموز بیان کئے گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جستجو اور تحقیق کی بات کی گئی ہے علوم خصوصی طور پر جدید علوم کے حصول کی بات کی گئی ہے قرآن ہماری رہنمائی کرتا اور ہمیں ہدایت دیتا ہے آج کی جدید تحقیق، تیکنیکی اور سائنسی ترقی کا آئینہ حقیقی ماخذ قرآن ہے انسانیت پر لازم ہے کہ وہ قرآن میں بیان کردہ احکامات سے راستہ حاصل کرے اور شعور کی بیداری کو قرآن ہی کے طابع رکھیں مغرب قرآن میں موجود پیغام الہی کو جان کر ستاروں پر کمندیں ڈال رہا ہے جبکہ مسلمان اسی کلام الہی میں موجود پیغام الہی کو نہ پا سکا اب وقت آگیا ہے کہ ہم قرآن کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں تاکہ کائنات کے پوشیدہ خزانوں تک ہمارے فہم کی رسائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے ہوتے ہوئے اگر آج ہمیں مغلوب ہیں اور سائنسی و تیکنیکی رفعتوں سے صدیوں کی مسافت برابر دور ہیں تو اس کی واحد وجہ ہماری لا علمی، جہالت اور جدید سائنسی علوم سے نا بلد ہونا ہے، قرآن نے دین اور دنیا میں تفکر و تدبر کی دعوت دی ہے تاکہ ہم پر قدرت کی تخلیقات کے اسرار و رموز آشکار ہو سکیں،ہمارے تعلیمی نظام کی سمت درست نہیں قرآن ہمیں جہانوں کے علوم سے ہم آہنگ کرتا ہے چنانچہ ہمیں قرآن ہی سے تمام تر رہنمائی لینی چاہیے تاکہ ہم قدرت کے مشاہیر کی حقیقت جان سکیں،ہمیں مغرب کی طرز پر اپنے تعلیمی ڈھانچے کو استوار کرنا ہوگا تاکہ ہمارے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے اسکالرز ستاروں پر کمندیں ڈال کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں، ہمیں تعلیمی اداروں میں تحقیق اور طرز تحقیق پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی انہیں جدید عالمی معیارات کے مطابق کرنا ہوگا، اپنے تعلیمی اور تحقیقی سلیبس اور معیار کو مغرب سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ہم بین الاقوامی سطح پر منفرد مقام حاصل کر سکتے ہیں۔