گورنر بلوچستان سے ڈی جی آڈٹ بلوچستان شجاع علی کی ملاقات، ڈی جی آڈٹ بلوچستان شجاع علی نے آڈٹ رپورٹ پیش کیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے ڈی جی آڈٹ بلوچستان شجاع علی نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کی، اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ اچھی طرز حکمرانی کو سچی بنیادیں فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اداروں کی کارکردگی کو باقاعدگی سے جانچنے کے طریقہ کار کو یقینی بنائیں. ملکی نظام کو استحکام بخشنے کیلئے تمام قومی اداروں کے مالیاتی امور میں نظم وضبط اور انتظامی معاملات میں شفافیت اور جوابدہی کا نظام قائم کرنا اشد ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تیزرفتار ترقی اور خاص طور سے اکاونٹنگ اور آڈیٹینگ پر اسکے اثرات نے جدت کے رحجان کو بہت بڑھا دیا ہے. ہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام حاضر سروس اور ریٹائرڈ افراد کیلئے آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں. اس سلسلے میں موجودہ حکومت نے انتظامی اور مالیاتی نظم وضبط کو بہتر بنایا ہے تاہم اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے.گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ایک شفاف اور مربوط نظام کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری آفیسرز اور ملازمین کے استعدادکار کو بھی بڑھانا اشد ضروری ہے. آخر میں ڈی جی آڈٹ بلوچستان شجاع علی نے گورنر بلوچستان کو سالانہ آڈٹ رپورٹ پیش کیا۔