مسلم لیگ (ن) کے اراکین صوبائی اسمبلی کی خواہش ہے کہ بلو چستان میں وزارت اعلیٰ مسلم لیگ (ن) کو دی جائے، شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے اراکین صوبائی اسمبلی کی خواہش ہے کہ بلو چستان میں وزارت اعلیٰ مسلم لیگ (ن) کو دی جائے اس حوالے سے پارٹی کی مرکزی قیادت کو آگاہ کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت ہی کریگی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلو چستان کے اراکین صوبائی اسمبلی کی خواہش تھی کہ وزیر اعلیٰ بلو چستان مسلم لیگ (ن)کاہو لیکن مرکز ی قیادت کا فیصلہ ہمیں قابل قبول ہے،بلو چستان میں حکومت سازی سے متعلق تفصیلات ابھی طے ہو نی ہیں مسلم لیگ (ن) کے اراکین صوبائی اسمبلی نے پارٹی سربراہ کو اختیار دیا ہے جو پارٹی کی مرکزی قیادت کا فیصلہ ہوگا وہ ہمیں بھی قبول ہوگا۔