ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت، پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے،مریم نواز

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت کی سطح پر ہم نے ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ، ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ صحت ،تعلیم ، انفراسٹرکچر،لاء اینڈ آرڈر، زراعت اور آئی ٹی کی مساوی تقسیم ہو گی ،ہر حلقہ ، ڈسٹرکٹ ،یونین کونسل اور ہر ڈویژن ماڈل ہونا چاہیے، کوئی دوسرے سے کم نہیں ہونا چاہیے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکر یہ، عوام نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور ن لیگ کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا۔

نئے جذبے، عزم اور خلوص سے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے، دعا ہے اور پوری کوشش ہوگی کہ میں آپ اور عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی ہونے کا اعزاز ملا ہے، میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن ، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں، یہ ایک خاتون اور ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔

نامزد وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں ، نواز شریف اور شہباز شریف کے زیر سامی ان کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گے ، ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور جماعت کی سطح پر ہم نے اپنی ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ہے، ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے، پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے