چمن احتجاج،مظاہرین کو مقامی عمائدین کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا،جان اچکزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ مقامی عمائدین کی ضمانت پر چار زیر حراست مظاہرین کی رہائی کے بعد چمن میں صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔ عمائدین نے عہد کیا کہ مظاہرین چمن میں معمولات زندگی کو درہم برہم نہیں کریں گے۔ اس سے قبل مظاہرین نے چمن پاسپورٹ آفس کو بلاک کر دیا تھا، جس کے بعد مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں (پولیس اور لیویز)نے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے مداخلت کی۔ تاہم، اس کے بعد سے سڑکوں پر رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔ یہ احتجاج سفر کے لیے ایک دستاویز کی ضرورت یعنی پاسپورٹ کو لازمی سفری دستاویز کے طور پر مخالفت سے شروع ہوا مقامی انتظامیہ نے ریاست کی اس لازمی پالیسی کو نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف خبردار کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ایسی حرکتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔