انتخابات کے نام پر اربوں روپے ضائع کئے گئے،مولانا عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا قاری مہر اللہ شیخ مولانا احمد جان مولانا محمد ہاشم خیشکی شیخ مولانا عبد الاحد محمد حسنی مولانا محمد اشرف جان مولانا حکیم حبیب اللہ حافظ عبد الحق حقانی مولانا محمد ایوب مفتی عبد السلام ریئسانی حاجی محمد شاہ لالا حافظ سراج الدین حاجی ولی محمدبڑیچ حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ میر فاروق لانگو حافظ شبیر احمد مدنی حاجی صالح محمدمفتی نیک محمد فاروقی حافظ سردار محمد نورزئی مولانا محمد طاہر توحیدی مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر نے کہا ہے کہ انتخابات کے نام پر اربوں روپے ضائع کئے گئے طاقت ور مجرموں پر ہاتھ ڈالنے کے لئے کوئی نظام موجود نہیں ہے۔ انصاف نہ ہونے سے ملک کا استحکام خطرے میں پڑنے کا اندیشہ ہے۔ ملک کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔ آٹھ فروری کی کوکھ سے خطرناک بحران نے جنم لیا، سیاست میں مداخلت کے بغیر ملک کا استحکام مشکل ہے۔ ملک کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل کر کچھ لوگ مزید داغ دار ہوئے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے احتجاج کی آخری حدوں کو چھو لیں گے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ قومی اور صوبائی نشستوں پر جیت چکی ہے۔ اب احتجاجی سیاست کے ذریعے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جعل سازی ہر دور میں ہوتی رہی مگر اس بار دھاندلی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک کے ادارے صرف اپنی منشاء کے مطابق اور عوام کی امنگوں کے خلاف فیصلے کرکے بغاوت اور مایوسی کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔