پارٹی عوامی رائے کے تحفظ اور خوشحال خان کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کے حصول تک احتجاجی تحریک کو جاری رکھے گی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے مرکزی اور صوبائی ایگزیکٹیوز کا مشترکہ اجلاس پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضامحمد رضا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں الیکشن کمیشن کی جانب این اے 251 پر ہارے ہوئے امیدوار کی نوٹیفیکیشن کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے سختی سے مسترد کیا گیا اورالیکشن کمیشن کے اس جمہوریت دشمن اور ناجائز اقدام کے خلاف20 فروری کو تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ان احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرکیالیکشن کمیشن کے اس ناروا فیصلے کو مسترد کریں۔ اس سلسلے میں پارٹی کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ سہ پہر 3 بجے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے برآمد ہوگا اور شہر کے مختلف شاہراہوں پر گشت کرنے کے بعد باچا خان چوک پر احتجاجی جلسہ عام میں تبدیل ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حلقے کے عوام نے پارٹی چیئرمین کو واضح اکثریت سے کامیاب بنایا لیکن استعماری اداروں نے شرمناک دھاندلی کے ذریعے خوشحال خان کی کامیابی کو ناکامی میں بدل دیا جس پر پارٹی نے مرکز الیکشن میں دھاندلی کی مستند ریکارڈ پر مبنی پیٹیشن داخل کیا اور کمیشن سے خوشحال خان کاکڑ کے کامیابی کی استدعا کی۔ ملک کے آئین و قانون اور الیکشن رولز کے مطابق لازم تھا کہ الیکشن کمیشن پٹیشن پر فیصلہ صادر کرتی لیکن کمیشن نے الیکشن کے مسلمہ اصولوں کے برخلاف ناکام امیدوار کا غیر قانونی نوٹیفیکیشن جاری کیا جو سراسر ناانصافی پر مبنی اور ہمارے عوام کی جمہوری رائے پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی عوامی رائے کے تحفظ اور خوشحال خان کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کے حصول تک احتجاجی تحریک کو جاری رکھے گی۔ بیان میں پارٹی کے ذیلی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موثر احتجاج کیلئے بھر پور تیاریاں کریں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرکے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے