جے یو آئی ف کا الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کمشنرراولپنڈی کے اعترافی بیان پر الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔مولاناحافظ حمد اللہ نے کمشنر راولپنڈی لیاقت چھٹہ کے اعتراف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے موقف کی تائیدہوگئی، کمشنرراولپنڈی نے ایمانداری اور غیرت کامظاہرہ کیا، ان کی غیرت کو دیکھ کر تمام آراوز لیاقت چٹھہ کی تائید کریں۔جے یو آئی ف کے رہنما کا کہنا تھا کہ کمشنر صاحب یہ بھی بتائیں ان کے اوپر کس کا پریشر تھا،خود کوجمہوری کہلانے والی جماعتوں میں جمہوریت ہے توآوازاٹھائیں، جتوانے والے کون ہیں، ہروانے والے کون سامنے آنا چاہیے۔حافظ حمداللہ نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کو کالعدم قرار دیکر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں اور عدالت اس معاملے پر سوموٹو لے۔ان کا کہنا تھا کہ جب دارالحکومت کے پڑوس میں یہ ہوسکتا ہے توبلوچستان،کیپی،سندھ میں کیا ہوا ہوگا، صرف 2جماعتیں کہتی ہیں کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں، باقی تمام جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ الیکشن میں جعل سازی ہوئی،رہنما جے یو آئی نے بتایا کہ مولانا نے بھی کہا ہیچیف الیکشن کمشنرمستعفی ہوں، کمشنرراولپنڈی کا بیان پوری فلم کا صرف ٹریلر ہے۔انہوں نے کہاکہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے کچھ دوستوں کی جانب سے باجوہ کی وکالت اور دفاع پر افسوس ہوتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا کہ عمران خان حکومت کو احتجاجی تحریک کے ذریعے ہٹانے کا موقف جمعیت کا تھا۔ لگی لپٹی کے بغیر دن کے اجالوں پر یقین رکھتے ہیں، پورے مضمون کو سمجھنے کی بجائے چند جملوں کو زیر بحث بنانا سوشل میڈیا سے متاثرہ سیاست دانوں کا کام ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے گھر پر جو بھی آئے گا، عزت اور تکریم بخشی جائے گی۔ کسی سے نظریاتی اختلاف ہوسکتا ہے ذاتی نہیں۔ حافظ حمد اللہ نے کہاکہ انتخابات میں بدترین دھاندلی پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انتخابات کے دن ہمارے کارکنوں کو اپنے شہدا کے فاتحہ پر بٹھائے گئے اور قیادت کو تھریٹ کے ذریعے انتخابی مہم سے دور رکھا گیا۔