پولیس کم وسائل کے باوجودصوبے میں امن و امان کی بہتری اور دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، عبدالخالق شیخ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور جرائم کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں تمام اہلکاروں کو ایک منفرد لائن پر تربیت دے رہے ہیں جس کے تحت وہ علاقے کے رسم و رواج کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے وہ پولیسنگ کریں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے آج یو این ڈی سی کے تعاون سے سمارٹ پولیس اسٹیشن سول لائن کوئٹہ میں کرمینل ریکارڈ آفس کا افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ تما م کرمینل ریکارڈ کمپیوٹرائز سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے تما م عمل و وخل جدید ٹیکنا لوجی سے منسلک ہو چکا ہے جو کہ محکمے کی کارکردگی میں معاون او ر مدد گار ثابت ہو گا اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ اس موقع پرڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالحئی عامر بلوچ، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن بلوچستان علی شیر جکھرانی، اے آئی جی ڈویلپمنٹ احمد سلطان،ایس ایس پی آپریشن محمد جواد طارق، ایس ایس پی سی آئی اے(ایس سی آئی ڈبلیو) نجیب اللہ پندرانی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید عطااللہ شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی سی پی او عبدالرزاق زہری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام مجرمانہ ریکارڈ کے انتظام اور بائیو میٹرکس، جسمانی ظاہری شکل اور جرائم کی سابقہ تاریخ کے ذریعے مجرموں کی شناخت کے لیے ہے۔ اس نظام کی اہم خصوصیات میں مجرموں کے ڈیجیٹائزڈ فنگر پرنٹس کا ڈیٹا بیس تیار کرنا اور آٹومیشن کے ذریعے ان کے پوشیدہ اور دیگر فنگر پرنٹس کی شناخت شامل ہے۔فنگر پرنٹس کا مرکزی ڈیٹا بیس بلوچستان پولیس کے تمام اضلاع اور دیگر فیلڈ یونٹس کے ساتھ مربوط ہے تاکہ ایک ضلع کے مجرم کو دوسرے ضلع میں آسانی سے پہچانا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کم وسائل کے باوجودصوبے میں امن و امان کی بہتری اور جرائم پیشہ عناصر سمیت دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے امن وامان کے قیام میں مزید بہتری آئیگی پولیس کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید خطوط پر آراستہ کیا جارہا ہے عوام کی جان و مال کی حفاظت جرائم کے خاتمے دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے کیلئے پولیس افسران واہلکارمزید اپنی صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں۔