مسلم لیگ (ن) کا اجلاس بلوچستان میں حکومت سازی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال، رابطوں کے لئے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نومنتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور صوبائی قیادت کا اجلاس، بلوچستان میں حکومت سازی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال، وزارت اعلیٰ کا امیدوار لانے سمیت حکومت سازی کے لئے رابطوں کے لئے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی سربراہی میں انکے دفتر میں مسلم لیگ(ن) کے کوئٹہ میں موجود نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، ارکان صوبائی اسمبلی جام کمال خان، میر عاصم کر د گیلو، مسعود لونی،شعیب نوشیروانی، برکت علی رند، زرک خان مندوخیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں عام انتخابات کے بعد صوبے میں حکومت سازی اور مسلم لیگ(ن) کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں وزارت اعلیٰ کے لئے اپنا امیدوار لائے گی اور اتحادیوں کی مشاورت اور ساتھ ملکر صوبے میں حکومت سازی کریگی۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے ناموں کا اعلان جلدہی کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا کہ بلوچستان سے آزاد ارکان سے بھی رابطے کئے گئے ہیں اور اس حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور سیاسی استحکام کے لئے پارلیمانی نظام کا آگے چلنا انتہائی اہم ہے عام انتخابات میں جو لوگ ہار گئے ہیں وہ عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنے کے بجائے آئینی اور قانونی فورمز پر جاکر اپنے تحفظات رکھیں اگر انکے پاس شواہد ہیں اور کسی کے ذیادتی ہوئی ہے تو عدالتیں انہیں انصاف فراہم کرنے کے لئے موجود ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ انتشار سے ملک میں جمہوریت کمزور اور عدم استحکام پھیلے گا جس کا ملک و صوبہ کسی بھی صورت متحمل نہیں ہوسکتا سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو پارلیمانی نظام اور جمہوریت کے تسلسل کو جاری رکھنے کو ترجیح دینی چاہیے لہذا صوبے میں جو بھی لوگ احتجاج کررہے ہیں وہ جمہوریت اور عوامی تکالیف کے پیش نظر مثبت کردار ادا کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کرنے کے بجائے قانونی راستے اختیار کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے