عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 11 خواتین بھی کامیاب
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 11 خواتین بھی کامیاب قرار پائی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی 4، 4 آزاد امیدوار، پیپلز پارٹی کی 2 جبکہ ایک نشست پر متحدہ قومی موومنٹ کی خاتون امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 پشاور سے آزاد امیدوار شاندانہ گلزار کامیاب رہیں۔
این اے 67 حافظ آباد سے آزاد امیدوار انیقہ مہدی، این اے 73 ڈسکہ سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار، این اے 112 ننکانہ سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شذرہ منصب علی خان کھرل اور این اے 119 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم نواز شریف کامیاب ہوئیں۔
اسی طرح این اے 156 سے آزاد امیدوار عائشہ نذیر، این اے 158 وہاڑی سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار تہمینہ دولتانہ، این اے 202 خیرپور سے پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، این اے 209 سے پیپلز پارٹی شازیہ عطا مری اور این اے 232 کراچی سے ایم کیو ایم پاکستان کی امیدوار آسیہ اسحٰق صدیقی کامیاب قرار پائیں۔