سیاست میں ذاتیات پر اترنا کسی سیاسی اور قبائلی شخصیت کو زیب نہیں دیتا، ترجمان پیپلز پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن اس پر حواس باختہ ہو کر ذاتیات پر اترنا کسی سیاسی اور قبائلی شخصیت کو زیب نہیں دیتا، پیپلز پارٹی نے عوامی مینڈیٹ سے صوبے میں 11نشستیں حاصل کی ہیں اور ہم حکومت بھی بنائیں گے قانونی فورمز کے بجائے سڑکوں پر تقاریر کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ جنکے خلاف وہ بات کر رہے ہیں پہلے وہ انہی کے کاروباری شراکت دار تھے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی ترجمان نے حلقہ این اے 263سے امیدوار نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج سمیت دیگر کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہی۔ ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ جس ملک شاہ گورگیج اور انکے خاندان کے بارے میں حاجی لشکری رئیسانی نے بات کی ہے وہ نواب محمد اسلم رئیسانی کے تین دیہائیوں سے کاروبار میں شراکت دار ہیں جبکہ شہید نوابزادہ اسما عیل رئیسانی حاجی ملک شاہ کے قریبی دوست تھے پہلے یہی لوگ بہت اچھے اور عزیز تھے لیکن جوں ہی عوام نے اپنے مینڈیٹ سے انہیں منتخب اور حاجی لشکری رئیسانی کو شکست دی تو وہ حواس باختہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور ذاتیات پر مبنی بیانات دے رہے ہیں جو کسی بھی صورت انکے شایان شان نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ انتخابات میں 51 صوبائی اور 16قومی اسمبلی کے حلقوں پر لوگ منتخب ہوئے ہیں یکسر طور پر سب کو برابنا نا اور اپنی شکست کو تسلیم نہ کرنا سمجھ سے بالا تر اور سیاسی ناپختگی کا ثبوت ہے۔ترجمان نے کہا کہ حاجی لشکری رئیسانی کو یہ سوچنا چاہیے کہ انہیں مسلسل ہر انتخابات میں شکست کیوں کر ہور ہی ہے اور عوام انہیں ووٹ کیوں نہیں دیتے؟ جبکہ اگر کوئی کسی حلقے میں مد مقابل امیدوار کے ساتھ دوسرے نمبر پر بھی آئے تب بھی یہ بیانات سمجھ میں آتے ہیں جو لوگ تیسرے یا چوتھے نمبر پر ہوں انہیں یہ سب کچھ کہنا زیب نہیں دیتا اور انہیں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام نے ترقی پسند اور خوشحالی لانے والی جماعت کے طور پر مینڈیٹ دیا ہے اور ہم بلوچستان میں حکومت بنا کر صوبے میں ترقی و خوشحالی کے سفر کو شروع بھی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے