نتائج نہ دینے والے آر او آفسز کے باہر کل احتجاج کریں گے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے نتائج روک کر ہمارے امیدواروں کو ہرایا جا رہا ہے ، نتائج نہ دینے والے آر او آفسز کے باہر کل احتجاج کریں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الحمدللہ انتخابات پرامن ہوئے ہیں اور جمہوری تاریخ کا آج بڑا اہم دن ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تمام نتائج کا فوری اعلان کرے ، ای سی پی کی ذمے داری تھی نتائج رات2 بجے تک جاری کر دیتے ، صبح 10 بجے تک نتائج کا عمل ہر صورت مکمل ہونا چاہیے تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے وقت میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا تھا ، 2بجے تک نتائج کا اعلان نہ کرنے کی وجوہات بتائی جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب خیبرپختونخواہ اور وفاق میں ہم حکومت بنائیں گے اور وزیر اعلیٰ کے پی کے کا اعلان دو دن میں ہوگا، نوازشریف کے پاس وفاق میں برتری نہیں ہے لیکن وہ پھر بھی خود کو وزیراعظم سمجھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، کچھ حقائق آپ کے سامنے رکھیں گے، اس وقت میں پی ٹی آئی کےپاس 170 سیٹیوں کی برتری ہے، جورزلٹ کے ساتھ کیا گیا اس کیلئے قانونی راستہ اپنائیں گے، کے پی میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت آگئی ہے، اس فتح کو ہم غلامی نامنظور کے نام کر دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم تین پیٹیشنز سپریم کورٹ لے گئے اور سات پیٹیشنز ہائیکورٹ لے گئے، ہم اس بات کو اجاگر کرتے رہے کہ الیکشن نوے دن کے اندر ہوں، اس مینڈیٹ جو دبایا جاتا رہا، بالاخر سپریم کورٹ کی دخل اندازی کرنے پر الیکشن کی تاریخ دے دی گئے، ہمیں یہ یقین دلایا گیا کہ ہمیں لیول پلینگ فیلڈ ملے گی، لیکن سب نے دیکھا کہ سب سے پہلے ہم سے بلا لے لیا گیا، ہمارے خلاف مقدمے درج ہوتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل سے خان صاحب کا بیان پہنچتا رہا، خان صاحب نے کہا تھا کہ ہم غلامی قبول نہیں کریں گے، اب ساری صورت حال آپ کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست ہےعوامی مینڈیٹ تسلیم کیا جائے، وزیراعظم کون ہوگا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، پنجاب میں عوامی وزیراعلیٰ لائیں گے، واضح برتری ہمارے پاس،وفاق میں ہے اس لئے حکومت بھی ہمارا حق ہے، نتائج نہ دینے والے آر او آفسزکے باہر کل پرامن احتجاج کریں گے، انتخابی نتائج روک کرہمارے امیدواروں کو ہرایا جا رہا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کا فیصلہ 2 دن میں ہو جائے گا، نواز شریف کے پاس 50 سیٹیں بھی نہیں، ہمارا کسی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ، نہ جھگڑا چاہتے ہیں، کوشش کی گئی کہ پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ کرے، ہمیں انتخابی عمل سےآؤٹ کر دیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جسے اکثریت ملے اس کا مینڈیٹ تسلیم کیا جانا چاہیے، پی ٹی آئی کی جیت پنجاب کےعوام کے نام کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے