پشین،انتخابی دفتر کے باہر دھماکا،15 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
پشین (ڈیلی گرین گوادر)ضلع پشین کی تحصیل خانوزئی میں آزار امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکہ 15افراد جاں بحق جبکہ 30زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق بدھ کی صبح خانوزئی میں آزاد امیدوار اسفند یارکاکڑ کے دفتر کے باہر انکے حامیوں کی بڑی تعداد جمع تھی کہ نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے ایک موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیر مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر موجود متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال خانوزئی ڈاکٹر حبیب الرحمن نے بتایا کہ دھماکے میں 15افراد جاں بحق جبکہ 30افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں سلطان محمد،نثار احمد، محمد عمرپہلوان، احسان اللہ، غفور اللہ،نجیب اللہ،حاجی اعظم، عمران،محمد علی، عبداللہ شامل ہیں جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کر لئے جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت اسفند یار کاکڑ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے اور وہ محفوظ ہیں۔ واضح رہے کہ اسفند یا ر کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے تاہم وہ انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 47پشین سے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر دھماکے کے بعد کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں موٹر سائیکلیں تباہ ہوئی ہیں جب کہ دھماکے کے وقت انتخابی دفتر کے قریب کافی لوگ موجود تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید زخمی بھی اسپتال لائے گئے ہیں، جس کے بعد تعداد 10 سے بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔
دریں اثنا سیکرٹری صحت نے پشین دھماکے کے پیش نظر کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں اضافی عملہ طلب کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹراما سینٹر ، سول اسپتال ، بی ایم سی ، بینظیر اسپتال اور شیخ زید اسپتال میں آپریشن تھیٹر بمعہ عملہ الرٹ رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے اور 10 افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔
علاوہ ازیں نگراں وزیر داخلہ نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔ اتحاد اور اتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔