نگران وزیر اعلیٰ اور کمانڈر12 کور کا سول سیکرٹریٹ میں قائم محکمہ داخلہ کے صوبائی الیکشن کنٹرول سینٹر کا دورہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بدھ کو سول سیکرٹریٹ میں قائم محکمہ داخلہ کے صوبائی الیکشن کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے الیکشن کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی بریفنگ میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، نگراں وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، صوبائی الیکشن کمشنرمحمد فرید آفریدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان و دیگر اعلٰی سول و فوجی حکام بھی شریک تھے بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں فضائی اور زمینی راستوں سے الیکشن میٹریل کی ترسیل مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد الیکشن میٹیریل پولنگ اسٹاف کے حوالے کئے جانے کا عمل شروع ہوچکا ہے بلوچستان میں رجسٹرڈ رائے دہندگان کی تعداد 5371947 ہے الیکشن کے دوران بحالی امن اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے تمام ڈویڑن اور اضلاع میں کنٹرول روم قائم کردئیے گئے ہیں جنہیں کوئٹہ میں تشکیل دئیے گئے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے صوبے کے حساس پولنگ اسٹیشنوں میں بدھ کی دوپہر تک 70 فیصد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ 30 فیصد کیمرے حائل رکاوٹوں کو دور کرکے بدھ کی رات تک نصب کردئیے جائیں گے پولنگ اسٹاف کو الیکشن میٹیریل فراہم کرکے متعلقہ جائے تعیناتیوں پر بھجوانے کا عمل بھی بدھ کی شام سے ہی شروع ہوچکا ہے تمام سیکورٹی ادارے باہمی رابطہ کاری سے عام انتخابات کے دوران بحالی امن کیلئے متحرک ہیں صوبے بھر میں الیکشن کے دوران بحالی امن کے لئے پاک فوج، ایف سی پولیس اور لیویز کے 66214 جوانوں کی تعیناتی کردی گئی ہے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے الیکشن سے متعلق اٹھائے گئے انتظامات اور حتمی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی حکومت نے عام انتخابات کے انعقاد کے لئے بلوچستان کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مطلوبہ فنڈز کا فوری اجراء کیا جس کے باعث جملہ انتظامات بروقت مکمل کرنے میں آسانی ہوئی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے طویل فاصلوں پر بکھری آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان کے لئے اضافی وسائل فراہم کئے جو ایک خوش آئند بات ہے نگراں وزیر اعلٰی نے کہا کہ معمول کے جرائم، دہشت گردی کی کارروائیوں اور الیکشن سے جڑے واقعات کو الگ الگ دیکھنے کی ضرورت ہے، گزشتہ عام انتخابات کی نسبت حالیہ انتخابات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ماضی سے بہتر رہی اور ہمارے سیکورٹی اداروں نے بروقت اقدامات اٹھاتے ہوئے تخریبی کاری کی کئی کارروائیوں کو ناکام بنایا میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں،بحالی امن کے لئے پاک فوج اور ایف سی کے جوان پولیس اور لیویز کی معاونت کے لئے موجود رہیں گے نگراں وزیر اعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے عمومی حالات اور الیکشن کی ملک گیر قومی سرگرمی میں بحالی امن کے لئے پاک فوج اور ایف سی کے تعاون پر عسکری حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ پختہ عزم ظاہر کیا کہ 8 فروری کو انتخابات کے قومی فریضے کے دوران عوام کے جانی و مالی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔