قلعہ سیف اللہ،جے یو آئی کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا،12 افراد جاں بحق
قلعہ سیف اللہ(ڈیلی گرین گوادر)قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علماء اسلام کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکہ 12افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ اور پولیس حکام کے مطابق بدھ کو ضلع قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 3قلعہ سیف اللہ سے امیدوار مولانا عبدالواسع کے دفتر کے باہر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں آگ لگ گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نا فذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور دھماکے کے مقام سے زخمیوں اور لاشوں کو قلعہ سیف اللہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر نے کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی مزید کاروائی جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے میں مولانا عبدالواسع محفوظ رہے۔