عوام کلہاڑا پر مہر ثبت کر کے پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنا کر سردار اختر جان مینگل کے ہاتھ مضبوط کریں، بی این پی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کی طاقت سے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے عوام کلہاڑا پر مہر ثبت کر کے پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنا کر سردار اختر جان مینگل کے ہاتھ مضبوط کریں بلوچستان کے موجودہ بحرانی حالات جہاں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی، صحت، امن و امان، بے روزگاری، غربت سمیت درجنوں ایسے مسائل ہیں جوبلوچستان کے غیور عوام کو مشکلات سے دوچار کرتے آرہے ہیں ان حالات میں مخلص قیادت ہی بلوچستان کے معاملات کو بہتری کی جانب گامزن کر سکتی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ وڈھ بحران سے پارٹی امیدواروں کی کاغذات نامزدگی منظور ہونے تک بلوچستان نیشنل پارٹی کی قیادت کیلئے روڑے اٹکائے جاتے رہے حکومت وقت کی یہی کوشش رہی ہے کہ پارٹی قیادت کو کسی بھی طرح ایسے حالات سے دوچار کیا جائے کہ بی این پی انتخابی عمل سے دور رہے مگر تمام تر سازشوں کے باوجود بلوچستان کے غیور بلوچ، پشتون، سیٹلرز، ہزارہ سمیت تمام اقوام نے سردار اختر جان مینگل اور پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان بھر میں پارٹی امیدواروں کے پروگرامز کو کامیاب بنا کر اپنا فیصلہ بی این پی کے حق میں دیدیا بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری کو بلوچستان کے غیور عوام گھروں سے نکل کر کلہاڑا پر مہر ثبت کر کے پارٹی قیادت خصوصاًسردار اختر جان مینگل کے ہاتھ مضبوط کریں –