حلقہ پی بی 39میں من پسند انتخابی عملے کی تعیناتی کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علما اسلام،پشتونخوامی عوامی پارٹی،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی،بلوچستان نیشنل پارٹی کا مبینہ طورپر من پسند انتخابی عملے کی تعیناتی وپوسٹل بیلٹ پیپرز کے خلاف ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، جے یو آئی کا موقف ہے کہ عام انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا راستہ اختیار کیا جا رہاہے۔جمعیت علما اسلام نے کارکنوں نے کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دیگر سیاسی جماعتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، جمعیت علما اسلام نے الزام عائد کیا ہے کہ کوئٹہ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 39 میں پولنگ عملے کی تعیناتی ایک امیدوار کی مرضی سے کی گئی ہے۔پی بی 39 سے جے یو آئی کے امیدوارعبدالواحد آغا کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسروں سمیت تمام پولنگ عملہ بوگس ہے، ایک امیدوار کے لیے تمام عملہ اپنی مرضی سے تعینات کیا گیا ہے، جس سے ظاہرہوتا ہے کہ ابھی سے دھاندلی کے راستے ہموار کیے جا رہے ہیں۔عبدالواحد آغا کے مطابق اس احتجاج میں جے یوآئی کے علاوہ جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے نمائندے بھی شریک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے یہ احتجاج جاری رہے گا۔