عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان سمیت ملک بھر سے تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، حاجی میر نوراللہ لہڑی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی44سے امیدوار حاجی میر نوراللہ لہڑی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا انتخابی منشور عوامی خواہشات کا ترجمان ہے جس میں تمام شعبوں کی ترقی کو یکساں اہمیت دی گئی ہے پارٹی قیادت اپنے اس انقلابی منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پرعزم ہے اور 8 فروری کے انتخابات میں کامیابی کے بعد برسراقتدار آکر ملکی ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی،عوام 8فروری کو مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے انتخابی نشان ”شیر“پر مہرلگاکرانہیں کامیاب بنائیں۔یہ بات انہوں نے پیر کوعبدالواحیدیوسفزئی ایڈووکیٹ، صدیق خان ناصر،سلیمان ایوب، معیظ عادل،محمداصغر،،محمدعامر، محمدذاکر،فتح محمد،شاکر،چوہدری جاوید،چوہدری جوزف،چوہدری یونس،سلیم مسیح، کامران شیروز،شہزاداشرف کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پرلہڑی ہاوس اورعیسیٰ نگری میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرمنعقدہ تقریبات سے حاجی شیرمحمدلہڑی،میرفخر لہڑی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔حاجی میرنوراللہ لہڑی اوردیگر نے شمولیت کرنے والوں کو مبارکبا ددیتے ہوئے کہاکہ انکی شمولیت سے حلقے میں مسلم لیگ(ن) کی پوزیشن مزیدمضبوط ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک پاکستان میں مشکل وقت آیا میاں محمدنواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا اس سے قبل جب ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا عوام مہنگائی سے تنگ تھے میاں نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا لیکن اقتدار کے بھوکے ناتجربہ کار ٹولے اور ان کے لیڈر عمران خان نے ملک کی معیشت کوتبا ہ کیا ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا آج ملک کو میاں نواز شریف جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جو عوام کو ان مشکلات سے نکالے اور عوام سکھ کا سانس لیں۔انہوں نے کہاکہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان سمیت ملک بھر سے تاریخی کامیابی حاصل کرے گی اور میاں محمد نواز شریف کی چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام8فروری کو مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے انتخابی نشان ”شیر“ پر مہرلگاکرانہیں کامیاب بنائیں۔